Newspaper Article 27/07/2013
تجزیہ کاروں کو یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے تجارتی اور دو طرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہیں توقع ہے کہ چین پاکستان کے مختلف شعبوں میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرے گا۔
ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل طلعت مسعود نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سرکاری اور عوامی سطح پر بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں۔ یہ تعلق وسیع البنیاد ہے اور اس کی حکمت عملیانہ، فوجی، سیاسی اور اقتصادی جہتیں ہیں۔
چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ جب چکلالہ کے فوجی ہوائی اڈے پر پہنچے تو وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور پوری کابینہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
وزیر اعظم گیلانی نے اپنے چینی ہم منصب وین جیا باؤ کا استقبال کرنے کے بعد کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات مثالی ہیں اور پوری قوم اس حقیقت سے آگاہ ہے۔
وزیر اعظم گیلانی نے مزید کہا کہ امید ہے کہ آج شام مختلف معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
مبصرین کو توقع ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، ثقافت، مواصلات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں مفاہمت کی 13 یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، 18 دسمبر کو مفاہمت کی مزید 23 یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ دونوں وزرائے اعظم کے درمیان تنہا ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے علاوہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔